جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے بلدیاتی الیکشن کا التوا مسترد کردیا

July 21, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کے التوا کو مسترد کردیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الیکشن کمیشن کے باہر دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کی آڑ لے کر کسی کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، الیکشن کمیشن نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا، جمعہ کو حقوق کراچی مارچ کو الیکشن کمیشن سندھ پر دھرنے سے تبدیل کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانے میں کامیاب ہوگئے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، ایم کیوایم رجیم چینج کی سہولت کار ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے التوا کے اعلان پر رات گئے ادارہ نورحق میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کی مذمت کی اور الیکشن کمیشن سندھ پر دھرنے کا اعلان کردیا۔