سری لنکن فوج اور پولیس کی حکومت مخالف مظاہرین کیخلاف کارروائی، 9 گرفتار

July 22, 2022

سری لنکا کی پولیس اور فوجی دستوں نے دارالحکومت کولمبو میں ایوانِ صدر کے باہر موجود حکومت مخالف مظاہرین کے کیمپ اکھاڑ پھینکے۔

رانیل وکرماسنگھے سری لنکا کے صدر منتخب ہوچکے ہیں، ان کے انتخاب کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف کارروائی کی گئی۔

صدر وکرماسنگھے نے عنان اقتدار سنبھالتے ہی ایک غیر معمولی گزٹ جاری کرتے ہوئے مسلح افواج کو امن و امان قائم رکھنے کا حکم دیا۔

پولیس اور فوجی اہلکاروں نے احتجاجی مظاہرین کے خیمے اکھاڑ پھینکے، پولیس ترجمان نے 9 افراد کی گرفتاری کی بھی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے کئی ماہ سے مظاہرین نے قصرِ صدارت کے باہر پڑاؤ ڈالا ہوا تھا، ان کا مطالبہ تھا کہ سابق صدر راجاپکسے سے مستعفی ہوں۔

دارالحکومت میں فوج اور پولیس کے دستوں نے نظم و نسق سنبھال لیا ہے، ایوانِ صدر جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔