پاک فوج کے ہیلی کاپٹر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد کیلئے روانہ

July 28, 2022

—فائل فوٹو

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہبلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ اوتھل اور لسبیلہ کے علاقوں میں امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کراچی سے روانہ ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران موسم کی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹروں کی پرواز ممکن نہیں تھی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ ابکراچی سےبلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیے گئے ہیں جو وہاں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابقہیلی کاپٹروں کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضروری امدادی سامان بھی بھجوایا جائے گا۔

دوسری جانب جی او سی گوادر نے اوتھل کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کی۔

خضدار اور گرد و نواح میں بھی پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

متاثرہ مقامی لوگوں کو طبی امداد دینے کے لیے پاک فوج کے 2 میڈیکل کیمپس بھی تیار کر لیے گئے ہیں۔

پاک فوج اور ایف سی کے دستے ناصرف بلوچستان بلکہ ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی خان میں امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج سول انتظامیہ سے تعاون کر رہی ہے۔

کراچی میں پانی کے نکاس کے لیے پاک فوج کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

جامشورو اور گھارو کے علاقوں میں بھی پاک فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیاں کی جا رہی ہیں۔