وزارتِ خارجہ کی شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوشش کی مذمت

July 28, 2022

پاکستان دفترِ خارجہ— فائل فوٹو

پاکستانی وزارتِ خارجہ نے 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کی ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن نے مقابلوں میں مدعو کر رکھا ہے، 28 جولائی سے 10 اگست تک چنئی میں 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ منعقد ہوگی۔

وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی دستہ پہلے ہی اس ایونٹ کے لیے تیاری کر رہا تھا، ایسے میں باوقار بین الاقوامی ایونٹ کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوشش افسوس ناک ہے۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ کی ٹارچ ریلی کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر سے گزارا گیا، مشعل کی ریلی 21 جولائی کو سری نگر سے گزری، اس عمل سےبھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی کی تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو نظر انداز کیا گیا۔

وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری کسی بھی صورت اسے قبول نہیں کر سکتی، اشتعال انگیز اور ناقابلِ دفاع اقدامات ناجائز بھارتی قبضے کو درست نہیں کر سکتے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے احتجاجاً 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے اس معاملے کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اُٹھانے کا بھی اعلان کیا ہے۔