ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کےخلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمع

July 28, 2022

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کےخلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمع کروادی گئی۔

پی ٹی آئی کے رکن راجا بشارت نےپنجاب اسمبلی میں اسپیکر کےانتخاب کے لیے قرار داد جمع کروادی، راجا بشارت نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد بھی جمع کروائی جسے ایوان نےکثرتِ رائے سے منظور کرلیا۔

چوہدری پرویز الہٰی کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی کی نشست خالی ہوئی تھی، جس پر جمعہ29جولائی کی سہ پہر 4بجے انتخاب کا عمل ہوگا۔

اسپیکرپنجاب اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی آج شام 5 بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے، جن کی جانچ پڑتال آج شام 5بج کر 10 منٹ پر ہوگی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دے دیا تھا۔

عدالت نے 11 صفحات پر مشتمل اس مختصر فیصلے میں قرار دیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں، پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے۔

عدالتِ عظمیٰ کا فیصلے میں کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر عہدہ چھوڑیں، آج رات 11:30 تک پرویز الہٰی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف لیں۔