بلوچستان، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشتگرد ہلاک

July 30, 2022

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار ہدایت اللّٰہ شہید اور نائیک میر محمد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تمام دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے موٹرسائیکلوں پر سوار دہشتگردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا۔ علاقے کی ناکا بندی کر کے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے سرچ آپریشن کیا گیا۔

دہشت گردوں نے گھیرے میں آنے پر سیکیورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کی تھی۔