کراچی: ہاکس بے پر مزید 4 نوجوان ڈوب گئے

July 31, 2022

—فائل فوٹو

کراچی میں ہاکس بے پر ٹرٹل بیچ کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے مزید 4 نوجوان ڈوب گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ایدھی رضاکاروں نے 2 لاشیں نکال لیں، جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد میں 25 سالہ نہال عرفان اور 24 سالہ سمیر شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق کل سے اب تک ہاکس بے کے سمندر میں 6 افراد ڈوبے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے 4 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 2 کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کی جانب سے ہاکس بے کی طرف جانے والے راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

ہاکس بے جانے والے تمام راستے عوام کے لیے بند کیے جانے کے بعد ماڑی پور روڈ سے ہاکس بے جانے والی سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

پکنک کے لیے پہنچنے والے شہریوں کی پولیس اہلکاروں سے تکرار جاری ہے۔