قبائلی سرحدی علاقوں میںپولیس کی 31نئی چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ

June 03, 2016

پشاور(صباح نیوز)محکمہ پولیس خیبر پختونخوا نے قبائلی ایجنسیوں سے ملحقہ سرحدی بندوبستی علاقوں میں سے31 نئی چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کیلئے آنے والے صوبائی بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔پولیس ذرائع کے مطابق قبائلی ایجنسیوں سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں اکتیس نئی چیک پوسٹیں قائم کرنے کے لیے آنے والے خیبرپختونخواکے صوبائی بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی، نئی چیک پوسٹوں کا مقصد قبائلی علاقہ جات سے داخلی راستوں کو محفوظ بنانا ہے۔ذرائع کے مطابق نئی چیک پوسٹوں کے لیے اراضی خریدنے کے لیے اعلیٰ سطح پر کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جبکہ ہر چیک پوسٹ پرجدید اسلحے سے لیس آٹھ سے گیارہ اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور چیک پوسٹوں پرٹارچ ٹاور بھی قائم کیے جائیں گے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تمام چیک پوسٹوں کو سنٹرل کنٹرول سسٹم سے بھی منسلک کیا جائے گا۔