بھارت مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے، صدر مملکت

August 05, 2022

صدر مملکت کا 5 اگست 2022ء کو یوم استحصال کے موقع پر پیغام

صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے 5 اگست 2022ء کو یومِ استحصال کے موقع پر پیغام جاری کیا گیا ہے۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں، چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی یکے بعد دیگرے تین نسلوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء سے اب تک 650 سے زائد افراد کا ماورائے عدالت قتل کیا جا چکا ہے۔

یومِ استحصال کشمیر کیوں منایا جاتا ہے؟

واضح رہے کہ 3 سال قبل آج کے دن (5 اگست 2019ء کو) بھارت نے ظلم و جبر کا قانون نافذ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا تھا۔

آج بھارت کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کو 1 منٹ کے لیے روکا گیا اور کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔