شہداء کے جنازے میں میرے شریک نہ ہونے پر غیرضروری تنازع کھڑا کیا گیا، صدر

August 06, 2022

بلوچستان میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوںکی نمازِ جنازہ میں شرکت نہ کرنے سے متعلق صدرِ مملکت عارف علوی نے پیغام جاری کردیا۔

صدرِ مملکت نے اپنے بیان میںکہا ہے کہ شہداء کے جنازے میں میرے شرکت نہ کرنے سے غیر ضروری تنازع کھڑا کیا گیا، نفرت انگیز ٹوئٹس کی مذمت کرتا ہوں، ایسا کرنے والے ہماری ثقافت اور مذہب سے واقف نہیں۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے وطن کی خاطر جان قربان کی ہم ان کی توہین کیسے کرسکتے ہیں؟۔ پاکستانیوں کی طرح میں بھی ساری زندگی شہداء کا معترف رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے لواحقین کے غم کا احساس ہے، جب شہداء کے گھر والے روئے تو میں بھی رویا۔ کوئی شک نہیں پاکستان ان لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہی محفوظ ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران و جوان شہید ہوگئے تھے۔