تیل و گیس کی بڑھتی قیمتیں، برطانیہ میں 75 ہزار افراد کا بل ادا نہ کرنے کا اعلان

August 06, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) جیسے جیسے برطانیہ میں ایندھن کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور ریکارڈ بلندیوں کو چھو رہی ہیں، ایک نامعلوم گروپ ’’برطانیہ کو ادائیگی مت کرو‘‘ نے دس لاکھ برطانوی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم اکتوبر سے اپنے بجلی کے بل ادا کرنا بند کر دیں، کیونکہ اس تاریخ سے ایندھن کی قیمتوں میں ایک مرتبہ اضافہ متوقع ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مہم چلانے والوں کا کہنا ہے کہ 75؍ ہزار افراد نے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ بڑھتی قیمتوں کیخلاف احتجاجاً وہ گیس اور بجلی کے بل کی ادائیگی نہیں کریں گے۔ برطانوی حکومت نے اس مہم کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے۔ حکومتی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مہم چلانے والوں کے اس اقدام کے نتیجے میں باقی لوگوں کیلئے مالی بوجھ بڑھ جائے گا اور پرسنل کریڈٹ ریٹنگ متاثر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی حکومت ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کو روک نہیں سکتی، برطانوی حکومت 37؍ ارب پائونڈز کی مالی مدد عوام کو فراہم کر رہی ہے جس میں انرجی بل کی مد میں عوام کو 400؍ پائونڈز کا ڈسکائونٹ دیاجا رہا ہے جبکہ ایسے گھرانے جن کا معیارِ زندگی بہت زیادہ متاثر ہوا ہے انہیں 1200؍ پائونڈز کی براہ راست معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔