سکینہ سموں کی پہلی فیچر فلم ’انتظار‘ ریلیز کیلئے تیار

August 08, 2022

تصویر بشکریہ انسٹا گرام

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، لکھاری اور فلم ساز سکینہ سموں کی بطور ہدایت کار پہلی فیچر فلم ’انتظار‘ 19 اگست کو پاکستان بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے سکینہ سموں نے لکھا ہے کہ میرا خواب بالآخر جلد ہی حقیقت بننے جا رہا ہے اور ملک بھر میں رواں ماہ 19 اگست کو میری فلم سنیما اسکرین پر دیکھی جا سکے گی۔

انہوں نے لکھا ہے کہ میں ’انتظار‘ کو پہلے ہی سنیماؤں میں ریلیز کرنا چاہتی تھیں مگر کورونا کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا تھا اور اب جب حالات معمول پر آ چکے ہیں تو شائقین بڑے پردے پر یہ فلم دیکھ سکیں گے۔

واضح رہے کہ فلم کا ٹریلرز 2020ء میں جاری کیا گیا تھا مگر کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے فلم ریلیز نہیں ہو سکی تھی۔

فلم کو امریکا میں ہونے والے ’ہارلم فلم فیسٹیول 2020ء‘ میں پیش کیا گیا تھا، جہاں مذکورہ فلم بیسٹ ایکٹر کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی۔

فلم کی کاسٹ میں ثمینہ احمد، خالد احمد، کیف غزنوی، رضا علی عابد اور عدنان جعفر شامل ہیں، اس کی کہانی بی گل نے تحریر کی ہے۔