کیا بچوں کو بھوکا مار دیں؟ کراچی کی رابعہ کا حکمرانوں سے سوال، ویڈیو وائرل

August 09, 2022

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس پر کراچی کی رہائشی خاتون رابعہ کا وزیرِ اعظم شہباز شریف اور مریم نواز کے نام ویڈیو پیغام وائرل ہو گیا۔

دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی رابعہ نامی ایک ماں نے مذکورہ ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جو کراچی کی رہائشی ہے۔

ویڈیو پیغام میں پریشان ماں عام استعمال کی اشیائے خرد و نوش اور ادویات انتہائی مہنگی ہونے کے باعث دسترس سے دور ہونے کی وجہ سے حکمرانوں سے سوال کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

رابعہ کا کہنا ہے کہ ان کے گھر کا کرایہ 20 ہزار روپے ہے، 2 بچے ہیں، جن میں سے ایک کو فٹس پڑے ہیں اور اس کی ادوایات گزشتہ 4 ماہ کے دوران انتہائی مہنگی ہو چکی ہیں۔

ویڈیو میں انہوں نے 15 اور 16 ہزار سے زائد کے بالترتیب بجلی اور گروسری بلز بھی دکھائے ہیں۔

انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کی بھتیجی مریم نواز سے سوال کیا ہے کیا اب بیمار بچے کو دوا بھی نہ دیں؟

ویڈیو میں خاتون نے سوال کیا ہے کہ مکان کا کرایہ دیں یا بجلی نہ ہونے کے باوجود بھاری بل ادا کریں یا پھر بچوں کے لیے دودھ اور دوائیں لیں؟

رابعہ نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ بچوں کو کھلائیں یا پھر بھوکا مار دیں؟ بتائیں غریب گھر کیسے چلائے؟