• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2026، دنیا بڑے تنازعات کی طرف بڑھ رہی ہے، امریکی تھنک ٹینک

کراچی (رفیق مانگٹ) امریکی تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز کی رپورٹ کے مطابق دنیا تیزی سے عدم استحکام اور تشدد کی جانب بڑھ رہی ہے، اور 2026 میں کئی خطرناک عالمی تنازعات جنم لے سکتے ہیں۔ یہ عالمی امن اور امریکی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔غزہ، یوکرین، پاک بھارت وافغانستان سمیت کئی محاذوں پر کشیدگی میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ رپورٹ کے مطابق افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں بحران شدت اختیار کر سکتے ہیں، انسانی المیے بڑھنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی امن کو درپیش خطرات اب دوسری جنگِ عظیم کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔کونسل آن فارن ریلیشنز کے ذیلی ادارے سینٹر فار پریوینٹو ایکشن کی رپورٹ میں امریکی خارجہ پالیسی کے ماہرین نے دنیا بھر میں ممکنہ تنازعات کا جائزہ لے کر انہیں شدت اور اثرات کے لحاظ سے درجہ بند کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اگرچہ غزہ، یوکرین، کانگو، بھارت اور پاکستان جیسے تنازعات کو کم کرنے کی کوشش کی، تاہم بعض مواقع پر سخت پالیسیوں اور دباؤ نے حالات کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔ ماہرین نے اس بات پر بھی تنقید کی کہ امن سازی اور تنازعات کی روک تھام سے متعلق اداروں اور فنڈنگ کو کمزور کیا گیا۔رپورٹ میں آئندہ برس پاکستان سے جڑے کئی ممکنہ سیکیورٹی خطرات کا ذکر کیا گیا ہے۔یہ تمام خطرات درمیانے درجے کے امکان اور اثرات کے زمرے میں رکھے گئے ہیں، بھارت اور پاکستان کے درمیان دوبارہ مسلح تصادم ہو سکتا ہے، جس کی وجہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندسرگرمیاں اور سخت سکیورٹی اقدامات بن سکتے ہیں۔افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوبارہ لڑائی کا خدشہ ہے، جو سرحد پار شدت پسند حملوں کے دوبارہ شروع ہونے سے پیدا ہو سکتے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق امریکا کو سب سے زیادہ خطرات اس لیے لاحق ہیں کیونکہ اس کے دنیا بھر میں وسیع اتحادی اور سیکورٹی وعدے موجود ہیں۔ رپورٹ میں سب سے زیادہ خطرناک تنازعات میں غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں، روس اور یوکرین کی جنگ میں شدت، وینزویلا میں ممکنہ امریکی فوجی کارروائی، اور امریکا کے اندر بڑھتا ہوا سیاسی تشدد شامل ہیں۔ اسی طرح ایران اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگ، چین کا تائیوان پر دباؤ، روس اور نیٹو میں ٹکراؤ اور شمالی کوریا کے جوہری تجربات بھی سنگین خدشات قرار دیے گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید