شہباز گل فوج کو ادارے کے سربراہ کیخلاف بغاوت پر اکسا رہے ہیں، حافظ حمداللّٰہ

August 09, 2022

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ نجی ٹی وی پر شہباز گل کے بیان سے واضح ہوا کہ وہ فوج کو ادارے کے سربراہ کے خلاف بغاوت پر اُکسا رہے ہیں۔

حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ یہ شہباز گل کا ذاتی بیان نہیں بلکہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی کا بیانیہ ہے۔

ایک بیان میں حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان نے ہاتھ سے اقتدار جانے کے بعد ہمیشہ اداروں کی نیوٹریلٹی کو نشانے پر رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے بیان کے بعد عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے کسی ذمہ دار نے مذمت تک نہیں کی۔

حافظ حمداللّٰہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ملک، آئین اور اداروں کے خلاف ہونے والی ہر قسم کی سازش اور نفرت انگیز بیانیہ کے مقابلے میں کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔