قومی اسمبلی میں شہدا کو خراج عقیدت، مسلح افواج پر حملہ، پارلیمنٹ پر حملہ تصور ہوگا، اسپیکر

August 11, 2022

اسلام آباد (ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

اسپیکر راجہ پرویزاشرف نے فوجی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ اپنے شہدا کے ساتھ کھڑی ہے ‘مسلح افواج پر حملہ پارلیمنٹ پر حملہ تصورہوگا‘وزیرستان میں افواج پاکستان کے شہداء ہمارے سپوت ہیں‘ان کی شہادت کا سن کر دلی افسوس ہوا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ پاک فوج کے جوانوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔

ان کا کہنا تھاکہ آزادی اظہار اور اطلاعات کی آزادی اہم اور ضروری ہے تاہم اس کی آڑ میں جس طرح افواج پاکستان پر حملے اور ان کی تضحیک کی گئی یہ ملک دشمنی ہے، عدلیہ اور فوج کے خلاف بات کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوںنے کہاکہ جو شہید ہوئے اللّٰہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے اور زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔وزیرستان کے شہدا کیلئے دعا مولانا عبدالاکبر چترالی نے کرائی۔