پاکستان کی IMF ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل تمام شرائط پوری کرنے کی تیاری

August 11, 2022

—فائل فوٹو

پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے پہلے تمام شرائط پوری کرنے کی تیاری کر لی۔

ایف بی آر کے ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ تاجروں پر فکس ٹیکس ختم کرنے سے 30 ارب روپے کے محصولات دیگر شعبوں سے لینے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔

انکم ٹیکس پالیسی کے شعبے میں ٹیکسٹائل، کھاد، چینی اور سگریٹ پر مزید ٹیکس لگانے کا امکان ہے۔

ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آرڈیننس کی صورت میں نئے ٹیکس 24 اگست سے پہلے عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر اگلے ہفتے اپنی تجاویز کو حتمی شکل دے کر وزارتِ خزانہ کو بھجوا دے گا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ 24 اگست سے پہلے وزارتِ قانون کے ذریعے صدارتی آرڈیننس کی درخواست کرے گی۔