بھارت: 20 روپے اضافی لینے پر مقدمہ، 22 سال بعد فیصلہ

August 12, 2022

مقدمہ جیتنے والے 66 سالہ وکیل چترویدی

بھارت کے ایک وکیل نے محکمہ ریلوے کے خلاف 22 سال طویل قانونی جنگ جیت لی۔

1999 میں چترویدی نے اترپردیش کے ایک ریلوے اسٹیشن سے مرادآباد جانے کے لیے ریل کا ٹکٹ خریدا تو ان سے 70 روپے کے بجائے 90 روپے لیے گئے۔

چترویدی نے شہر کی صارف عدالت میں محکمہ ریلوے کے خلاف شکایت کی اور 100 سماعتوں کے بعد پچھلے ہفتے عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ دیا۔

عدالت نے کہا کہ محکمہ ریلوے وکیل چترویدی کو 15 ہزار روپے جرمانہ اور 20 روپے بمعہ 12 فیصد سود ادا کرے گا۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے چترویدی نے کہا کہ آپ اس توانائی اور وقت کی قیمت نہیں لگا سکتے جو میں نے یہ مقدمہ لڑتے ہوئے گنوادی۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی عدالتوں میں 4 کروڑ مقدمات زیر التوا ہیں، عام طور پر ایک مقدمے کے فیصلے میں 10 سے 15 سال لگ جاتے ہیں۔