برطانیہ میں ویلز سے تعلق رکھنے والے ایک خوش نصیب جوڑے نے ناممکن سمجھے جانے والے امکانات کو مات دیتے ہوئے دوسری مرتبہ بڑی لاٹری جیت لی۔
49 سالہ رچرڈ ڈیوس اور ان کی اہلیہ فے اسٹیونسن ڈیوس (43) نے برطانیہ کی نیشنل لاٹری سے دوسری بار 10 لاکھ پاؤنڈ کی خطیر رقم جیتی۔
جوڑے کے مطابق انہوں نے محض اپنے اندرونی احساس پر بھروسا کرتے ہوئے دوبارہ لاٹری آزمانے کا فیصلہ کیا۔
نیشنل لاٹری کی جانب سے جاری بیان میں فے اسٹیونسن ڈیوس نے کہا کہ ہم جانتے تھے کہ دوبارہ جیتنے کے امکانات ناقابلِ یقین حد تک کم ہیں، لیکن ہم اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر یقین ہو تو کچھ بھی ممکن ہے۔
اس جوڑے نے پہلی بار جون 2018 میں یورو ملینز ملینیئر میکر گیم میں 10 لاکھ پاؤنڈ جیتے تھے، بڑی کامیابی کے باوجود انہوں نے لاٹری کے ٹکٹ خریدنا جاری رکھا، اس امید کے ساتھ کہ شاید قسمت ایک بار پھر ساتھ دے جائے۔
کرسمس سے قبل اس خوش نصیب جوڑے نے ایک بار پھر 10 لاکھ پاؤنڈ جیت کر سب کو حیران کر دیا۔
ابھی تک جوڑے نے انعامی رقم کے استعمال کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، رچرڈ ڈیوس کے مطابق پہلی بار وہ دوستوں اور اہلِ خانہ کی مدد کر چکے ہیں، گاڑیاں تحفے میں دیں، مقامی رگبی ٹیم کو منی بس عطیہ کی اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بار کیا کریں گے، یہ ہم آہستہ آہستہ سوچیں گے، فی الحال ہم اس لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔