پنجاب پولیس کا عطا تارڑ، رانا مشہود کے گھروں پر چھاپہ، لیگی رہنما نہیں تھے

August 14, 2022

لاہور(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)لاہور پولیس نے 25 مئی کے تشددواقعات کےتناظر میں وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ اور مرکزی رہنما رانا مشہود احمد خان کی رہائشگاہوں پر چھاپے مارے تاہم ا ن کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ۔دونوں لیگی رہنماموجود نہیں تھے،لیگی رہنما عطا تارڈ نے ٹوئٹ کیا کہ ہاشم ڈوگر صاحب آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے،رانا مشہود نے کہا کہ حکومتی ایماء پر پولیس اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی،تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سے 25مئی کے واقعات میں ملوث حکومتی شخصیات اور افسران کے خلاف 15روز میں رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے ،اگر رانا ثنا ،عطا تارڑ اور دیگر اسلام آباد میں چھپ کر بیٹھے رہے تو انہیں اشتہاری قرار دیدیا جائے گا ، جو بنی گالہ پر چھاپے مارنے کی بات کر رہے ہیں انہیں بتانا چاہتے ہیں جاتی امرا زیادہ دور نہیں ہے۔ پولیس نے لیگی رہنما عطا تارڑ کے گھر جی تھری جوہرٹاؤن میں ہفتہ کی صبح چھاپہ مارا،جس دوران وہ گھر پر موجود نہیں تھے، کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔