عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ 50 کروڑ بھی نہ کما سکی

August 15, 2022

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

بھارتی معروف اداکار، مسٹر پرفیکشنسٹ، عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ چار دنوں کے دوران باکس آفس پر 50 کروڑ روپے بھی نہ کما سکی۔

جہاں اداکار عامر خان کی فلمیں 100 کروڑ کمانا تو کیا پچھلی سب فلموں کے ریکارڈ توڑ دیا کرتی تھیں وہیں اب اُن کی نئی فلم کو غیر یقینی طور پر ناکامی کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کی لال سنگھ چڈھا اس ہفتے کے آخر میں بھی 50 کروڑ تک نہ پہنچ سکی، فلم لال سنگھ چڈھا نے گزشتہ روز، یعنی چھٹی کے دن بھی صرف 10 کروڑ روپے کا بزنس کیا جس کے بعد فلم کی مجموعی کمائی محض 37 کروڑ روپے تک ہی پہنچ سکی ہے۔

4 روز کے دوران 37 کروڑ کی کمائی عامر کی دیگر فلموں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے فلم لال سنگھ چڈھا کو عامر خان کی سب سے کم پرفارم کرنے والی فلموں میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ کچھ حلقوں نے اس فلم کو مکمل طور پر فلاپ قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ نے بھارتی باکس آفس پر پہلے ہی دن صرف 12 کروڑ روپے کمائے تھے۔

اس فلم کے فلاپ ہونے کی بڑی وجہ سوشل میڈیا پر اس کے بائیکاٹ کو قرار دیا جا رہا ہے۔