• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان نے فلم ’گھماسان‘ میں کام کرنے سے کیوں انکار کیا؟

شاہ رخ خان---فائل فوٹو
شاہ رخ خان---فائل فوٹو

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے فلمیں منتخب کرنے کے حوالے سے معیار کے بارے میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔

فلم ’گھماسان‘ کے ہدایت کار تگمانشو دھولیا نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے فلم میں پولیس افسر کا مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے سب سے پہلے شاہ رخ خان سے رابطہ کیا تھا، تاہم اداکار نے یہ کردار قبول نہیں کیا۔

2012ء میں تنقیدی طور پر سراہی جانے والی فلم ’پان سنگھ تومر‘ کی ہدایت کاری سے شہرت حاصل کرنے والے تگمانشو دھولیا نے حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان سے ہونے والی گفتگو یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں نے فلم کا اسکرپٹ سب سے پہلے شاہ رخ کو سنایا تھا۔

بالی ووڈ ہنگامہ کو دیے گئے انٹرویو میں تگمانشو نے بتایا ہے کہ شاہ رخ خان نے اسکرپٹ سننے کے بعد مجھ سے کہا تھا کہ تیشو میں اس طرح کی حقیقت پسندانہ فلمیں نہیں کرتا۔

ہدایت کار نے کہا ہے کہ میں شاہ رخ خان کو طویل عرصے سے جانتا ہوں، دونوں کی شناسائی فلم ’دل سے‘ کے زمانے سے ہے، جبکہ تگمانشو دھولیا نے فلم ’زیرو‘ میں شاہ رخ خان کے والد کا کردار بھی ادا کیا تھا۔

دوسری جانب اداکار ارشد وارثی نے بھی شاہ رخ خان کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا ہے کہ میں سپر اسٹار کو بڑے اور غیر معمولی کرداروں میں دیکھنا زیادہ پسند کروں گا۔

فلم ’گھماسان‘ کو جیوتی دیشپانڈے نے پروڈیوس کیا ہے، جس میں ارشد وارثی اور پرتیک گاندھی بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں، فلم 11 ستمبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید