رہتک روشن کو فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی حمایت مہنگی پڑگئی

August 17, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے مشہور اداکار رہتک روشن کو متنازع فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی حمایت مہنگی پڑگئی۔ ٹوئٹر پر ان کے خلاف ہیش ٹیگ ’’ بائیکاٹ رہتک روشن‘‘ ٹرینڈ کرنے لگا۔

اداکار عامر خان کی لال سنگھ چڈھا اور اکشے کمار کی رکشا بندھن کے بعد اب رہتک روشن کی آنے والی فلم ’وکرم ویدھا‘ بھی ٹوئٹر صارفین کے نشانے پر ہے۔

ٹوئٹر صارفین نے بائیکاٹ رہتک روشن اور وکرم ویدھا کا ٹرینڈ اس وقت شروع کیا جب بالی ووڈ اداکار نے عامر خان کی حمایت کرتے ہوئے بھارتی فلم شائقین کو لال سنگھ چڈھا دیکھنے پر زور دیا۔


واضح رہے کہ لال سنگھ چڈھا کو 2015 میں عامر خان اور ان کی سابقہ اہلیہ کرِن راؤ کے ایک انٹرویو کے نتیجے میں بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس انٹرویو میں کرِن راؤ نے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے باعث ملک چھوڑ نے کی بات کی تھی۔

تاہم حالیہ انٹرویو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ ’’مجھے دکھ ہوتا ہے جب ایسا کہا جاتا ہے کہ بالی ووڈ کا بائیکاٹ کریں… عامر خان کا بائیکاٹ کریں… لال سنگھ چڈھا کا بائیکاٹ کریں…

مجھے افسوس ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں ہندوستان کو پسند نہیں کرتا جو کہ بالکل غلط ہے۔

مجھے اپنے ملک سے بہت پیار ہے۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ لوگ میرے بارے میں ایسا محسوس کرتے ہیں۔‘‘

بھارت میں لال سنگھ چڈھا اور رکشا بندھن کے خلاف جاری بائیکاٹ مہم کے باعث دونوں فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کرسکیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 دنوں میں لال سنگھ چڈھا نے 45 کروڑ جب کہ رکشا بندھن نے 34 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

رہتک روشن کی آنے والی فلم وکرم ویدھا، 2017 میں اسی نام سے ریلیز ہونے والی تامل فلم کی ری میک ہے۔ اس فلم میں رہتک روشن کے علاوہ سیف علی خان بھی ہیں، تامل فلم نے باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا تھا۔