عامر خان نے نقصان کی تلافی کیلئے فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی فیس معاف کر دی

September 01, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد اب بھی پریشان ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، فلم’ لال سنگھ چڈھا‘ کوتقریباََ 1 بلین بھارتی روپے کا بھاری نقصان ہوا۔

عامر خان کے بارے میں بھارتی میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ عامر خان نے فلم کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے بطور اداکار اس فلم کے لیےاپنی فیس معاف کردی ہے۔

ایک ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’اگر عامر خان اپنی اداکاری کی فیس وصول کرتے ہیں، تو فلم بنانے والے پروڈکشن ہاؤس کو تقریباً 1 بلین بھارتی روپے کا نقصان ہوگا‘۔

ذرائع نے بتایا کہ’عامر خان نے اس نقصان کو خود پورا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد فلم پروڈیوسر کو معمولی نقصان ہوگا‘۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ’اداکار نے فلم کو اپنے 4 سال دیے لیکن اس سے ایک پیسہ نہیں کمایا اور فلم کی ناکامی کی پوری ذمہ داری اپنے کندھوں پر لینے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

یاد رہے کہ یہ فلم عامر خان کے ہی پروڈکشن ہاؤس نے بنائی تھی۔

واضح رہے کہ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘، جسے ریلیز سے قبل شدید تنقید اور بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی باکس آفس پر منافع کمانے میں بھی ناکام رہی۔

البتہ بین الاقوامی باکس آفس پر یہ فلم سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم ہے، جس نے فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ اور ’کشمیر فائلز‘ سے زیادہ کمائی کی۔