غیر ملکی تحائف وزیرِ اعظم ہاؤس میں رکھنے کا فیصلہ

September 07, 2022

وزیرِ اعظم کو ملنے والے غیر ملکی تحائف اب وزیرِاعظم ہاؤس میں مستقل طور پر رکھے جائیں گے۔

اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بیرونِ ممالک سے ملنے والے تحائف اب عوام بھی دیکھ سکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تحائف عوام کو دکھائے جائیں تاکہ دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے عوام آگاہ ہوں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیرِ اعظم ہاؤس میں بیرونِ ممالک سے ملنے والے تحائف کے لیے جگہ مختص کر دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق بیرونِ ممالک سے ملنے والے تحائف وزیرِ اعظم نے سرکاری خزانے میں جمع کرا دیے ہیں۔

توشہ خانے میں جمع کرائے گئے تحائف کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ان تحائف میں ہیرے سے جڑی 2 قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں، جن میں سے 1 گھڑی کی مالیت 10 کروڑ روپے اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق خلیجی ریاستوں کی جانب سے وزیرِاعظم شہباز شریف کو سابق وزیرِاعظم عمران خان سے زیادہ مہنگی گھڑیاں دی گئی ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے قیمتی قلم، انگوٹھی، کف لنک سمیت تمام تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دیے ہیں۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہباز شریف بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب 10 سال کے دوران ملنے والے تمام تحائف بھی توشہ خانے میں جمع کراتے رہے ہیں۔