ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

September 08, 2022

فوٹو: اے ایف پی (فائل)

ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں، ملکہ کو پچھلے سال اکتوبر سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا جس کے باعث انہیں چلنے پھرنے اور کھڑے ہونے میں مشکل پیش آتی تھی۔

ملکہ کے انتقال پر دس روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے،ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد شہزادہ چارلس، بادشاہ چارلس بن جائیں گے، دوچز آف کارنوال کامیلا کو ملکہ کا درجہ مل جائے گا۔

ملکہ کی تدفین لندن برج آپریشن کے خصوصی منصوبے کے تحت سر انجام پائے گی۔

ملکہ کے تابوت کو شاہی ٹرین کے ذریعے سینٹ پینکراس ریلوے اسٹیشن لندن منتقل کیا جائے گا، وہاں سے تابوت بکنگھم پیلس لایا جائے گا۔

دس روز کے بعد ملکہ کا جنازہ ادا کیا جائے گا، جنازہ ویسٹ منسٹر ابے پر ادا کیا جائے گا۔

جنازے کے وقت دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، ملکہ کو کنگ جارج چھ میموریل چیپل ونڈزر میں دفنایا جائے گا۔

جنازے کے روز قومی تعطیل ہوگی، لندن اسٹاک، بینک اور تمام اہم ادارے بند رہیں گے۔

قبل ازیں بکنگھم پیلس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈاکٹروں نے ملکہ ایلزبتھ کی طبیعت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا تھا، ڈاکٹروں نے انہیں اپنی زیر نگرانی رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

طبیعت کی ناسازی کا سنتے ہی ڈیوک آف کیمبرج پرنس ولیم ملکہ کے پاس پہنچ گئے تھے جبکہ پرنس چارلس بھی پہنچ گئے تھے۔

الزبتھ دوم 1936 میں اپنے چچا کے دستبردار ہونے کے بعد تخت کی وارث بنیں۔

ملکہ کے پسماندگان میں ان کے 4 بچے، 8 پوتے اور 12 پڑ پوتے ہیں۔

ملکہ ایلزبتھ دوم کے انتقال کے بعد بکنگھم پیلس پر لگا برطانوی پرچم سرنگوں کر دیا گیا ہے۔

ملکہ 600 سے زائد چیرٹیز کی سرپرست تھیں، ملکہ برطانیہ 15 ممالک سمیت 54 ممالک کی دولت مشترکہ کی بھی سربراہ تھیں۔

بطور کامن ویلتھ سربراہ ملکہ نے 1961 اور 1997 میں پاکستان کے دورے کیے تھے۔