اداکارہ میرا نے امریکا میں فلم کی شوٹنگ میں حصہ لیا

September 13, 2022

پاکستان کی ممتاز و مقبول اداکارہ میرا نے امریکا میںسوشل ایشو پر بننے والی ایک شارٹ فلم کی فلمبندی میں حصّہ لیا۔

36نمبر کے نام سے بننے والی اس شارٹ فلم میں معاشرے کے اہم ترین موضوع خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے حوالے سے ہے۔

اس فلم کی کہانی معروف شاعرہ اور ادیبہ ڈاکٹر فاطمہ حسن کی لکھی ہوئی ہے، جس کی ڈرامائی تشکیل عارف افضال نے کی ہے ۔

امریکا میں مقیم سینئر اداکار ایم کے شیرازی اور ایشیاء ٹربیون پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں اداکارہ میرا اور ایم کے شیرازی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

فلم کی ہدایات عارف افضال نے دی ہیں، جو اس سے پہلے بھی شیرازی پروڈکشن کی کئی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔

اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ 36نمبر ایک اچھی اور اصلاحی فلم ہے جس میں معاشرے کے ایسے مرد کا چہرہ دکھایا گیا ہے جو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرتے ہیں۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس موضوع پر امریکہ میں بننے والی شارٹ فلم کا مرکزی کردار ہونے پر مجھے خوشی ہے، میں عارف افضال کی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے 36 نمبر کے مرکزی کردار کیلئے آفر کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ان کی ٹیم کیساتھ کام کرکے اچھا لگا، مجھے اُمید ہے دیکھنے والے اس کاوش کو پسند کریں گے۔

واضح رہے کہمیرا اِن دنوں امریکہ کی ریاست نیوجرسی میں مقیم ہیں، انہوں نے نیویارک اور نیوجرسی میں یوم پاکستان کی مختلف تقاریب میں شرکت کی۔