وبائی بیماریوں نے تباہی مچا دی، خیرپور، میہڑ اور اسلام کوٹ میں 12 افراد ہلاک، متاثرین امداد کے منتظر، 30 لاکھ بچوں کی زندگی کو خطرہ

September 26, 2022

خیرپور/میہڑ/اسلام کوٹ(بیورو رپورٹ/ نامہ نگاران) وبائی بیماریوں نے تباہی مچادی، خیرپور ،میہڑ اورا سلام کوٹ میں11افراد ہلاک، متاثرین امداد کے منتظر،دوائیں ناپید،خیرپور تحصیل کنگری میں وبائی بیماریوں نے تباہی مچادی ،گذشتہ 48گھنٹوں کےاندر کچے کے سیلاب متاثر دیہات میں تین بچوں اور دو خواتین سمیت 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جانبحق ہونے والوں میں گوٹھ مہرل ناریجو میں 10سالہ توحید احمد ناریجو اور 30سالہ شادی شدہ خاتون شامل ہیں جبکہ گوٹھ لعل شیخ میں مسماۃ زبیدہ شیخ گوٹھ عبدالرحمان ناریجو میں 12سالہ محمد سومر ناریجو گوٹھ فیض محمد ناریجو میں تین سالہ مسماۃ شہزادی اور دیگر شامل ہیں یہ اموات ملیریا اور گیسٹرو کے باعث ہوئی ہیں کچے کے دریا خوردی علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سیلابی علاقوں میں 8سے 10 فٹ تک پانی جمع ہوگیا ہے سیلابی پانی جمع ہونے سے بدبو اور تعفن پھیلا ہے جس سے وبائی بیماریوں نے زور پکڑا ہے گمس گمبٹ کے ڈاکٹر بختیار احمد بھنبھرو اور سٹی اسپتال خیرپور کے ڈاکٹر طارق ممتاز بھنبھرو نے بتایا کہ گیسٹرو اور ملیریا کی وبائو میں مبتلا بڑی تعداد میں مریض اسپتالوں میں آرہے ہیں وبائی بیماریوں کی روک تھام کے لیے شہر ودیہات سے ہنگامی بنیادوں پر سیلابی پانی نکالا ہوگا۔قومی شاہراہ پر سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیمپ میں گیسٹرو سے دو سالہ بچی کلثوم جوگی جاں بحق ہوگئی بچی سیلاب سے بے گھر اپنے والدین کے ہمراہ رلیف کیمپ میں آئی تھی جہاں اس کو گیسٹرو ہوگیا اور وہ اللہ کو پیاری ہوگئی۔میہڑ سیلاب متاثرین مسائل کا شکار ، غذائی قلت اور دوائیں ناملنے سے گیسٹرو اور ملیریا میں مزید 3افراد اجل کا لقمہ بن گئے ۔ متاثرین کا انتظامیہ کیخلاف احتجاج ۔ ڈی ایچ او دادو کا تبادلہ ۔الخدمت فاونڈیشن کی طرف سے ٹینٹ سٹی اسکول قائم،میہڑ میں قاضی عارف روڈ انڈس ہائی وے سمیت بندوں پر بیٹھے ہوئے سیلاب متاثرین زندگی کے بنیادی مسائل کا شکار ہیں ۔ تپتی دھوپ میں کھلے آسمان بیٹھے سیلاب متاثرین بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔ متاثرین میں غذائی قلت کی وجہ سے بیماریاں پھیل گئی ہیں ۔ گیسٹرو اور بخار ملیریا سے مزید 2 خواتین سمیت 3 افراد زندگی کی جنگ ہار بیٹھے اور اجل کا لقمہ بن گئے ہیں ۔ قاضی عارف روڈ پر بیٹھے سیلاب زدہ گاوں صحبت پور کی سیلاب متاثرین نازاں گیسٹرو اور بخار میں تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئی ہے ۔ جبکہ بائی پاس پر بھی جواں لڑکی شمل لاشاری بھی ملیریا اور بخار سے ہلاک ہو گئی ہے ۔ ادہر تھرڑی محبت میں تالاب میں ڈوب کر 4 سالہ آذان کہوکہر جانبحق ہو گیا ہے ۔ میہڑ میں نازاں کہوسو کی گیسٹرو میں ہلاکت پر اس کے رشتیدار مرد اور عورتیں زارو قطار روتے رہے ۔ انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ سیلاب متاثرین کو تنھا چہوڑ دیا ہے ۔راشن کا سامان دینا تو دور کی بات ہے لیکن پوچھنے بھی نہیں آتے ۔ ہم قاضی عارف روڈ پر دہوپ میں بے یارو مددگار بیٹھے ہیں ۔