ہرنائی میں ٹرکوں پر فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے، این ڈی ایم

September 27, 2022

کوئٹہ (آن لائن )نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے بیان میں ضلع ہرنائی کے خوست میں گزشتہ رات کوئلے کے ٹرکوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کیخلاف قانونی کارروائی کرنے اور خوست دھرنا کمیٹی کی مطالبات کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور خوست دھرنا کمیٹی کی اپیل پر 27ستمبر کو خوست میں پہیہ جام ہڑتال اور 29ستمبر کو صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تمام کارکنوں کو تاکید اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ہڑتال کو کامیاب اور اسمبلی کے سامنے دھرنا میں بھرپور شرکت کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع ہرنائی میں دہشت گردی، بھتہ خوری سرپرستی اور مرضی کے بغیر ناممکن ہے اور ضلع کے تمام عوام میں بھی یہ تاثر عام ہے اور ان کی رائے بھی یہی ہے۔لہذا حکومت اور اعلیٰ حکام اس سلسلے میں اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریوں کو پوری کرتے ہوئے خوست دھرنا کمیٹی کے تسلیم شدہ مطالبات کے احکامات جاری کریں اور دہشت گردی، بھتہ خوری کو ختم کر کے عوامی آبادی سے مورچے اور کیمپ ہٹائیں ۔