جاپان کے سابق وزیراعظم کی آخری رسومات، غیرملکی رہنماؤں کی آمد جاری

September 27, 2022

تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

جاپان کے سابق مقتول وزیراعظم شنزو آبے کی باضابطہ آخری رسومات میں شرکت کے لیے کئی ملکوںکی اہم شخصیات ٹوکیو پہنچ گئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے کی سرکاری طور پر آخری رسومات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے جاپان کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔

رپورٹس کے مطابق شنزو آبے کی آخری رسومات میں چار ہزار ملکی اور ایک ہزار غیر ملکی اعلیٰ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

سابق وزیراعظم شنزو آبے کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کے طور پر 19 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

دوسری جانبشنزو آبے کی آخری رسومات کی تقریب پر11 ملین ڈالر سے زائد رقم خرچ کرنے پرعوام سراپا احتجاج ہیں۔ٹوکیو میں احتجاج کے باعث سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے پر 8 جولائی کو انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں سابق جاپانی وزیراعظم ہلاک ہوگئے تھے اور حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ شنزو ابے پہلے 2006 سے 2007 اور پھر 2012 سے 2020 تک جاپان کے وزیراعظم رہے۔