ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 1 ماہ کی توسیع

September 30, 2022

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے سرکاری ٹی وی پر اپنے خطاب میں کہا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھادی ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ستمبر میں 685 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے ہدف سے 26 ارب روپے زائد ٹیکس اکٹھا کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے 1609 ارب روپے اکٹھا کرنے تھے جبکہ آمدن 1635 ارب روپے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں ہدف سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا جبکہ اس دوران 84 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا بھی اعلان کیا۔

مالی سال 2021-22 کےلیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی۔