وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی بریچ ہوئی، ذمہ دار کون؟ عمران خان

October 01, 2022

پشاور(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعظم ہاؤس کی سیکیورٹی بریچ ہوئی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ دشمنوں کے پاس حساس معلومات چلی گئی ہیں، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ اگر نیوٹرلز کا کام سوشل میڈیا کے لوگوں کو پکڑ کر دبانا اور میڈیا کو بند کرنا ہے تو ملک کے مفادات کی حفاظت کون کرے گا؟ ۔ اس بار کال دوں گاتوواپسی نہیں ہوگی ۔

ایڈورڈ کالج پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ آج چور اور ڈاکو وطن واپس آ رہے ہیں ان کے کیسز کو ختم کیا جا رہا ہے ‘بڑے ڈاکو پیسا چوری کر کے باہر لے گئے اور ان کو این آر او دیا گیا‘ 11سو ارب روپیہ جو اس قوم کا چوری ہوا وہ معاف ہو رہا ہے، یہ پیسہ چند لوگوں کی جیبوں میں جائے گا، قوم آج بدترین مہنگائی اور قرضوں میں ڈوب رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اس ملک کے محافظ سے سوال پوچھتا ہوں کہ اگر ڈاکو ملک کو لوٹ رہا ہو تو چوکیدار کہہ سکتا ہے کہ میں نیوٹرل ہوں‘ پاکستان لوٹا جا رہا ہے‘ملک تباہی کی طرف جارہاہے اور وہاں سے کہتے ہیں کہ ہم نیوٹرل ہیں‘ جب بھی کوئی کہے کہ میں غیرسیاسی ہوں تو سمجھ لیں کہ اس میں اور جانور میں کوئی فرق نہیں ۔عمران خان نے کہا کہ ساری قوم کو کال دوں گا تو واپسی نہیں ہو گی۔