کراچی، مقابلے میں ہلاک دہشتگردوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

October 01, 2022

فائل فوٹو

کراچی میں ناردرن بائی پاس کے قریب مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد 2021 میں کوئٹہ میں ہوٹل دھماکے کے ماسٹر مائنڈ اور مطلوب ترین تھے، کوئٹہ دھماکے میں اہم شخصیت دہشتگردوں کا ہدف تھی تاہم دہشتگرد ان کے نہ ہونے پر اصل ٹارگٹ حاصل نہیں کر پائے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے ملنے والا سی 4 ایکسپلوزیو بھاری مقدار میں ہے، جس سے 5 خودکش جیکٹ بنائی جاسکتی تھیں۔

دہشتگردوں سےگاڑی کے نیچےآئی ای ڈی لگانے والے مقناطیس بھی ملے، جو 5 کلوگرام تک کی آئی ای ڈی کا وزن اٹھا سکتے تھے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حساس ادارے اور سی ٹی ڈی رات ساڑھے تین بجے موقع پر پہنچے، علاقے کا گھیراؤ کر کے مقابلہ صبح تک چلتا رہا۔

ذرائع کے مطابق علاقہ پولیس کو رات سے آپریشنل ٹیم نے کالز کی لیکن وہ بر وقت نہیں پہنچے تاہم صبح 7 بجے کے قریب مددگار پھر تقریباً 8 بجے ایس ایچ او پہنچا۔