شہباز گِل کو 6 اکتوبر کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم

October 01, 2022

فائل فوٹو

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شہباز گِل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں ان کو 6 اکتوبر کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

شہباز گِل کیس میں ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا جج مقرر ہیں، سماعت میں شہباز گِل عدالت سے غیر حاضر رہے جبکہ پروسیکیوٹر رضوان عباسی پیش ہوئے۔

پولیس نے شہباز گِل کے خلاف چالان سیشن کورٹ میں پیش کر دیا۔

پولیس چالان پر ٹرائل کے لیے شہباز گِل کی طلبی کا سمن جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کی ضمانت 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی۔