کراچی: کورنگی فائر اسٹیشن میں فائرنگ، زخمی فائر مین چل بسا

October 03, 2022

کورنگی فائر اسٹیشن جہاں ہفتے کو فائرنگ کا واقعہ پیش آیا—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع فائر اسٹیشن میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور فائرمین چل بسا۔

پولیس حکام کے مطابق فائر مین ارشاد جناح اسپتال میں زیرِعلاج تھا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ارشاد کے انتقال کے بعد ہفتے کی شب فائر اسٹیشن پر حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حملے میں زخمی ایک فائر مین اسپتال میں زیرِعلاج ہے۔

فائر اسٹیشن میں فائرنگ

واضح رہے کہ ہفتہ یکم اکتوبر کو کراچی کے علاقے کورنگی بلال چورنگی کے قریب واقع فائر بریگیڈ آفس میں فائرنگ کے واقعے میں 2 ملازم جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے تھے، ایک ملازم جان بچا کر فرار ہو گیا تھا۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔

واقعے کے عینی شاہد نے بتایا تھا کہ وہ آپریٹر ڈیوٹی پر تھا جبکہ محبوب گارڈ کی ڈیوٹی پر تھا کہ اس دوران 2 ملزمان آئے جن کے ہاتھ میں پستول تھا۔

ملزمان نے محبوب سے پوچھا کہ باقی لوگ کہاں ہیں؟ اس نے جواب دیا کہ اندر ہیں جس کے بعد ایک ملزم عامر قریشی اور ارشاد کو اندر سے لے کر آیا۔

زخمی فائر مین محمد ارشاد نے بتایا کہ ہمیں اکٹھا کر کے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطاق فائر بریگیڈ اسٹیشن پر حملہ آور ملزمان کی تعداد 2 تھی۔