اب وہ ججز یا عدلیہ کیخلاف کبھی توہین آمیز زبان استعمال نہیں کریں گے، ریحام خان

October 03, 2022

کولاج، فائل فوٹوز

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ختم ہونے پر ردِ عمل دیا ہے۔

ریحام خان نےاسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے عمران خان سے متعلق سامنے آنے والے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئےمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے حمایتیوں کے لیے ایک طنزیہ ٹوئٹ کیا ہے۔

ریحام خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ قوم یوتھ کے ’ڈٹ کے کھڑا ہے اب کپتان‘ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیان حلفی بھی جمع کروا دی ہے کہ اب وہ اچھے بچے بنیں گے اور ججز یا عدلیہ کے خلاف کبھی توہین آمیز زبان استعمال نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاتون جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کو ختم کرتے ہوئے نوٹس ڈسچارج کر دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں 5 ججز پر مشتمل لارجر بینچ نے کی۔

توہینِ عدالت کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے۔