وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کی مدد کا ریئل ٹائم ڈیش بورڈ کا افتتاح کرنے سے انکار

October 03, 2022

فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ریئل ٹائم ڈیش بورڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کا افتتاح کرنے سے انکار کردیا۔

سیلاب متاثرین کی امداد کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیےڈیش بورڈ کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف بھی شریک ہوئے، جہاں ڈیش بورڈ کی ورکنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار ریئل ٹائم اپ ڈیٹڈ نہیں ہیں۔ یہ وہ ڈیش بورڈ نہیں جو انہیں اور پوری قوم کو درکار ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ رضائیاں کہاں جارہی ہیں؟ بے بی فوڈ کہاں تقسیم ہو رہا ہے؟ اس کی تفصیل کہاں ہے؟ یہ معلومات کہاں ہیں؟ کہ کیا کہیں کلاؤڈ برسٹ کا خدشہ ہے؟

وفاقی وزیر امین الحق نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کی کہ آج ڈیش بورڈ کا افتتاح کردیں۔ جلد اس کو اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ درخواست مسترد کردی اور کہا کہ آپ بتائیں کتنے دنوں میں اسے اپ ڈیٹ کردیں گے، وہ اس وقت افتتاح کرنے آجائیں گے۔

کچھ دیر میں امین الحق سے مشورہ کرکے وزیراعظم نے ڈیش بورڈ اپ ڈیٹ کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔

شہباز شریف نے احسن اقبال کو ہدایت دی کہ جسے ہائر کرنا ہے کریں لیکن ایک ورلڈ کلاس ڈیش بورڈ بنائیں۔