ملالہ یوسفزئی فلم ’جوائے لینڈ‘ کی ٹیم میں شامل

October 06, 2022

فائل فوٹو

نوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کو پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

سرمد کھوسٹ فلمز کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ملالہ یوسفزئی کو فلم ’جوائے لینڈ‘ کی ٹیم میں بطور ایگزیکٹیو پروڈیوسر شامل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ ’فلم جوائےلینڈ نے ہمیں دعوت دی ہے کہ ہم اپنے قریبی لوگوں کے لیے اپنی آنکھیں کھولیں، اپنے خاندان کے اراکین اور دوستوں کو اپنی توقعات یا معاشرتی تعصب سے قطع نظر بالکل ویسے ہی دیکھیں اور قبول کریں جیسے کہ وہ ہیں‘۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا ہے۔

صائم صادق کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جوائے لینڈ کو95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے انٹرنیشنل فیچر فلم ایوارڈ کیٹیگری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

فلم’جوائے لینڈ ‘کا پریمئیر رواں برس فرانس میں منعقدہ کانز فلمی میلے میں ہوا جہاں اسے شاندار پذیرائی ملی اور فلم نے کانز میلے میں دو اعزازات” جیوری ایوارڈ “اور” کویر پام “حاصل کئے۔

فلم کی کہانی میں ٹرانسجینڈرز کی زندگی کے واقعات کو اجاگر کیا گیا ہے جبکہ جوائے لینڈ کی کاسٹ میں علی جونیجو،راستی فاروق، علینہ خان، ثانیہ سعید، ثروت گیلانی۔ سُہیل سمیر اور سلمان پیر شامل ہیں۔