سائفر کی آڑ میں ہونے والی سازش کی تحقیقات تیز کرنے کا فیصلہ

October 06, 2022

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا، اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ڈپلومیٹک سائفر کی آڑ میں کی جانے والی سازش کی تحقیقات کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابققومی سلامتی کے خلاف سازش کرنے والے سازشی معاشی بحالی کے خلاف لانگ مارچ کے نام پر نئی سازش کر رہے ہیں۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہوفاقی دارالحکومت پر یلغار کی ہرگز اجازت نہ دی جائے،فسادیوں کے ساتھ قانون کے مطابق آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ’’بیرونی سازش“ کی سازش رچانے والے تمام کردار بےنقاب ہوگئے ہیں،سازش میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق جلد سے جلد عبرت کا نشان بنایا جائے۔

اجلاس نے فیصلوں کا اختیار پارٹی صدر اور وزیراعظم پاکستان کوسونپ دیا، 30 ستمبر کو کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں کی تائید کی گئی۔

پارٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہثابت ہوگیا بیرونی سازش کا ڈرامہ محض ایک فراڈ، جعلسازی اور چند فسادیوں کے ذہن کی اختراع تھی۔ یہ سازش ریاست کے مفادات کو نقصان پہنچا کر سیاسی مفاد حاصل کرنے کی مذموم کوشش تھی۔

اجلاس میں 28 اور 30 ستمبر کو عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی آڈیو لیکس کو فرد جرم قرار دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق ریاست کے مفادات کو ذاتی سیاسی مفادات پر قربان کر دیا گیا، یہ لانگ مارچ سیاسی نہیں بلکہ سازش کی پیداوار ہے، اس سازش کو قانون کی طاقت سے کچلا جائے۔

اجلاس میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک پوری توجہ کے ساتھ کاوشوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اجلاس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کا خیرمقدم کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ مشکل ترین معاشی حالات میں عوام کو حتی المقدور ریلیف کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں پارٹی کے ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔

ورکرز کنونشن سے پارٹی کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی، اس ضمن میں پارٹی کے وفاقی اور صوبائی عہدیداروں میں ذمہ داریاں تقسیم کر دی گئیں۔

اجلاس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایوان فیلڈ ریفرنس میں بریت کے فیصلے پر اظہار تشکر کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ بریت کا یہ فیصلہ حق کی فتح اور سیاسی بدبودار انتقام کے منہ پر قانون قدرت کا زوردار تھپڑ ہے۔

اجلاس میں احسن اقبال کی نارووال اسپورٹس کمپلیکس کے مقدمے میں بریت کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔