جھوٹ، نفرت پر مبنی سیاست کا دروازہ بند ہونا چاہیے، حمزہ شہباز

November 05, 2022

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ جھوٹ اور نفرت پر مبنی سیاست کا دروازہ بند ہوجانا چاہیے۔

ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتجاج کی آڑ میں اداروں کےخلاف مذموم مہم چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں نفرت بھری جا رہی ہے، اقتدار کی ہوس میں ملک کو داؤ پر لگانے کی سازش ہو رہی ہے۔

حمزہ شہباز نے پوچھتا ہوں کہ جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نذر آتش کرکے پی ٹی آئی کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی نااہلی اور سیکیورٹی میں کوتاہی کی تحقیقات ہونی چاہئیں، یہ بھی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ اس واقعے کا سب سے زیادہ فائدہ کون اٹھا رہا ہے۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف والوں نے احتجاج کے نام پر ایک غریب کی موٹرسائیکل جلا ڈالی، جھوٹ اور نفرت پر مبنی سیاست کا دروازہ بند ہوجانا چاہیے۔