پاکستان کسی خونی انقلاب کا متحمل نہیں ہوسکتا، رضا ربانی

November 05, 2022

سینیٹر رضا ربانی - فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہپاکستان کسی خونی انقلاب کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کا عہدہ کسی ایک جماعت کی حمایت کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ صدر کا جانبدارانہ کردار رہا ہے، ان کی ثالثی دوسرے ادارے قبول نہیں کریں گے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آئین میں الیکشن کا طریقہ کار کا تعین ہے، وقت کے ساتھ الیکشن ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈر کا گرینڈ ڈائیلاگ کروایا جائے تاکہ بحران سے نکلا جاسکے۔

سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ہر ادارے کو اپنے آئینی دائرے میں رہ کر کام کرنا پڑے گا، پاکستان کسی خونی انقلاب کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسائل نہیں حل ہوئے تو وفاق کے لیے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، افہام و تفہیم، بات چیت کے ذریعے ہی ملک کو آگے لے جایا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی بات چیت ضروری ہے۔