سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کیخلاف درخواست، تحریری فیصلہ جاری

November 11, 2022

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر—فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے خلاف درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

گیارہ صفحات پر مشتمل فیصلہ عدالتِ عالیہ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے تحریر کیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دے کر نمٹا دیا۔

جاری کیے گئے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے پاس اس کیس کو سننے کا اختیار نہیں، عدالت صرف اس سرکاری ملازم کا کیس سن سکتی ہے جو سروس ٹربیونل کے دائرہ اختیار میں نہ ہو۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ درخواست گزار کے پاس اپنے محکمے اور سروس ٹربیونل سے رجوع کرنے کا فورم موجود ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار چاہے تو قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے داد رسی کے لیے رجوع کر سکتا ہے۔

تحریری فیصلے میں عدالت کی جانب سے فیصلے کو عدالتی نظیر بھی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی اپنی معطلی کے خلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر نمٹا دی تھی۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے اپنی درخواست میں وفاقی حکومت، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور پنجاب حکومت کوفریق بنایا تھا۔