بچے کی لاش اسپتال میں چھوڑ کر جانے والی خاتون اور اس کا بیٹا گرفتار

November 11, 2022

کراچی کے علاقے بہادرآباد میں نو عمر بچے کو 20 ہزار روپے چوری کرنے کے الزام میں تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ پولیس نے لاش لے کر آنے والی خاتون اور اس کے بیٹے فرحان کو گرفتار کرلیا ہے۔ بچے پر تشدد کے لیے استعمال ہونے والا بیلن بھی برآمد کرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے بہادرآباد سے گزشتہ روز بچے کی تشدد زدہ لاش خاتون کی جانب سے اسپتال چھوڑ کر جانے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کا معمہ حل ہوگیا۔

بچے کو مبینہ طور پر 20 ہزار روپے چوری کرنے پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مقتول بچے آفتاب پر فرحان نامی مقامی بلڈر نے تشدد کیا۔ بچے کی لاش کو اسپتال چھوڑنے فرحان کی والدہ آئی تھیں۔

پولیس نے فرحان اور والدہ دونوں کو گرفتار کر لیا ہے، بچے کی لاش جس گاڑی میں لائی گئی وہ بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

مقتول آفتاب 6 ماہ قبل ہی پنجاب سے کراچی آیا تھا۔