فواد چوہدری کل شام تک عمر فاروق کو واٹس ایپ پر میسجز کرتے رہے

November 16, 2022


عمر فاروق ظہور کو مشکوک شخص قرار دینے والے فواد چوہدری کے عمر فاروق سے حالیہ روابط سامنے آگئے، جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں اہم حقائق سامنے آگئے۔

توشہ خانے کی قیمتی گھڑی فروخت کرنے کے بعد نیا اسکینڈل سامنے آ گیا، عمران خان سے گھڑی خریدنے والے عمر فاروق سے فواد چوہدری کے مسلسل رابطوں کے مبینہ ثبوت سامنے آ گئے۔

جب فواد چوہدری عمر فاروق کو جھوٹا قرار دے رہے ہیں ، اس سے کچھ گھنٹے پہلے انھیں اپنا بھائی بتارہے تھے، منگل کو عمر فاروق نے عمران خان سے گھڑی خریدنے کا انکشاف کیا تو اس کے فوری بعد فواد چوہدری نے ان سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ "کی ہو گیا جی؟ شہزاد اکبر تک تو بات سمجھ میں آتی ہے مگر عمران خان کیوں؟۔

جیو نیوز نے عمر فاروق سے واٹس ایپ گفتگو کرنے والے شخص کا نمبر چیک کیا تو وہ بھی فواد چوہدری کا نکلا، دونوں کے درمیان ماضی کی واٹس ایپ چیپ میں اور بھی انکشافات کیے۔

ایک بار عمر فاروق نے اپنے خلاف کیس بنانے پر شہزاد اکبر کی شکایت کی تو فواد چوہدری نے ان کی تائید کی اور مقدمات کو خوف ناک قرار دیا ، فواد چودھری عمر فاروق سے دبئی میں ملتے بھی رہے، یاٹ پر بھی ملاقات ہوئی، عمر فاروق اور فواد چوہدری تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ویکسین، ای اسپورٹس اور آئی ٹی سیکٹر سے متعلق کاروباری منصوبہ بندی کے لیے پیغامات کا تبادلہ بھی کرتے نظر آئے ہیں۔

اس سے پہلے بدھ کو فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں عمر فاروق کے خلاف دبئی میں قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھڑی عمر فاروق کو نہیں بیچی گئی، جبکہ ذلفی بخاری نے کہا کہ عمران خان نے گھڑی جس ڈیلر کو بیچی تھی وہ پاکستان سے بھاگ گیا۔