معظم کو کلاشنکوف، عمران خان کو پستول کی گولی لگی: فیصل واؤڈا

November 18, 2022

فیصل واؤڈا—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنما فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ وزیرِ آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں معظم کو کلاشنکوف اور عمران خان کو پستول کی گولی لگی۔

’’3 سانپ عمران خان کی جگہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہیں‘‘

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے سابق رہنما فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ 3 سانپ عمران خان کو پیچھے دھکیلنے اور ان کی جگہ وزیرِاعظم کے عہدے کے امیدوار ہیں۔

’’شاہزیب خانزادہ دیانت دار صحافی ہیں‘‘

ان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری میرے دوست ہیں مگر وہ گھڑی اسکینڈل میں ایسی چیز کا دفاع کر رہے ہیں جس کے لیے انہیں 10 جھوٹ اور بولنے پڑ رہے ہیں ، شاہ زیب خان زادہ سے آپ اختلاف کر سکتے ہیں لیکن وہ دیانت دار صحافی ہیں۔

فیصل واؤڈا نے کہا کہ درباری عمران خان کا کام اتارنے کے لیے کام کر رہے ہیں، ان کے اردگرد موجود سازش کرنے والوں کا صفایا ضروری ہے، عمران خان سے کہا تھا کہ شہزاد اکبر بھاگ جائیں گے، مگر خان صاحب اپنے لوگوں پر اندھا بھروسہ کرتے ہیں، شہزاد اکبر کی ڈگڈگی چلتی تھی، وہ اعظم خان کے دفتر میں کئی کئی گھنٹے گزارتے تھے۔

’’باجوہ صاحب کے پاس موقع تھا کہ وہ مارشل لاء لگا دیتے‘‘

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تعلقات فوج سے مس انڈراسٹینڈنگ پر خراب ہوئے، باجوہ صاحب کو اللّٰہ تعالیٰ نے پہاڑ جتنا دل دیا ہے کہ ٹرولز کے ذریعےجو کچھ ان کے ساتھ کیا گیا،ان کی پگڑی اچھالی گئی مگر انہوں نے برداشت کیا، ان کے پاس بہت زبردست موقع تھا کہ وہ مارشل لاء لگادیتے یا ایکسٹینشن لے لیتے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

سابق پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ میں کابینہ کا حصہ تھا، وزیر تھا، آرمی چیف بھی وزیراعظم ہاؤس میں آتے تھے، ایک دفعہ تینوں سانپوں نے ان کو عمران خان کے کمرے کے باہر گھیر لیا اور پھر انہیں ایک بیانیہ دیا کہ عمران خان غلط ہیں، ہم ٹھیک ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے آر می چیف سے کہا کہ سر! آپ کے اور میرے باس عمران خان ایسے نہیں ہیں ان کی باتوں میں نہ آئیں، یہ دو منہ والے بھی نہیں چار منہ والے سانپ ہیں، آپ نے جو باتیں سنی ہیں وہ آپ اپنے عمران خان سے ڈائریکٹ کیجئے گا، یہ مس انڈر اسٹینڈنگ پیدا کروا رہے ہیں۔

’’آپ مارچ کی کال کے ذریعے کیا مانگ رہے ہیں؟‘‘

فیصل واؤڈا نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آپ مارچ کی کال کے ذریعے کیا مانگ رہے ہیں؟ بالفرض آپ الیکشن مانگ رہے ہیں اور ہم مئی میں انتخابات کرانے کا کہہ رہے ہیں اور پی ڈی ایم والے اکتوبر کہہ رہے ہیں تو اس کے درمیان ہی میں راستہ نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جمائما کے خاوند تھے، وہ دنیا کی 15 نمبروں کے اندر رئیس خاتون ہیں، جب ان کی طلاق ہوئی تو اصولاً آدھی جائیداد ان کو مل جانی چاہیے تھی، عمران خان نے اگر وہ جائیداد نہیں لی اور اس میں سے ایک پیسہ نہیں لیا تو اس کا مطلب ہے کہ عمران خان کو پیسے سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔

’’میں بہت حد تک اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات ٹھیک کرانے میں کامیاب ہو گیا تھا‘‘

توشہ خانے کی گھڑی کے حوالے سے فیصل واؤڈا نے کہا کہ کاش یہ گھڑی نہ آتی اور ایسی بہت ساری گھڑیوں سے وہ (عمران خان) گزر رہے ہیں، میں نے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات ٹھیک کرانے کی صرف کوشش نہیں کی تھی میں ٹھیک کرانے میں بہت حد تک کامیاب ہو گیا تھا۔

’’جنرل فیصل نصیر بہت غیرت مند افسر ہیں‘‘

ان کا کہنا ہے کہ جنرل فیصل نصیر کا نام لیا جا رہا ہے، وہ بہت غیرت مند افسر ہیں، میں نے ہی خان صاحب کو جا کر بتایا تھا کہ میں انہیں جانتا ہوں، وہ اچھی شہرت کے حامل ہیں اور پاکستان خصوصاً کراچی اور بلوچستان میں امن و امان کے لیے انہوں نے بڑا کام کیا ہے۔

’’میں نے خونی مارچ کی بات کی تو میں اندھا یا عقل سے پیدل نہیں ہوں ‘‘

تحریکِ انصاف کے سابق رہنما فیصل واؤڈا نے یہ بھی کہا کہ میں نے کہا تھا کہ ارشد شریف کا قتل منصوبے کے تحت کیا گیا ہے، پاکستان میں پلان ہوا ہے، انہیں کلوز رینج سے مارا گیا، سامنے سے گولیاں لگی ہیں، جو ساتھ لوگ تھے وہ ملے ہوئے تھے، انہیں گاڑی سے اتار کر مارنے کے بعد بٹھایا ہے یا گاڑی میں قتل کیا ہے، میں نے کہا تھا کہ ارشد شریف کا آئی فون اور لیپ ٹاپ نہیں ملے گا وہ نہیں ملا، میں کہاں غلط تھا؟ میں نے خونی مارچ کی بات کی تھی تو میں اندھا یا عقل سے پیدل تو نہیں ہوں، اس میں کوئی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہے۔