گھڑیوں کے ڈیلرز سے پروموشن کسی اور نے نہیں ذلفی بخاری نے کروائی، عمر ظہور

November 18, 2022

عمر فاروق ظہور نے کہا کہ گھڑی کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں ان سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی کے خریدار نے راز کھول دیا۔ عمر فاروق ظہور نے کہا ہے کہ دبئی میں گھڑیوں کے ڈیلر سے گھڑی کی پروموشن کسی اور نے نہیں ذلفی بخاری نے کروائی تھی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عمر فاروق ظہور نے کہا کہ ذلفی بخاری نے ہی ڈیلر سے رابطہ کرکے ویب سائٹ پر مارکیٹنگ کرنے کا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گھڑی کے معاملے پر میں نے اسٹائل واچز سے بات کی، ان سے پوچھا کہ آپ کا نام آرہا ہے، آپ نے ٹرانزیکشنز کیں؟

عمر فاروق نے کہا کہ انہوں نے کلیئر کیا کہ گھڑی نہ خریدی نہ فروخت کی، انہوں نے کہا کہ ذلفی بخاری نے رابطہ کیا تھا، اسٹائل واچز نےکہا ذلفی بخاری نے گھڑی کی مارکیٹنگ کرنے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹائل واچز کے مطابق ذلفی بخاری نے کہا کہ اچھی قیمت مل جائے تو بتا دیں، اسٹائل واچز نے کہا ہم نے تصاویر لیں اور مارکیٹ کرنے کا کہا۔

عمر فاروق نے کہا کہ اسٹائل آؤٹ واچز کے مالک نے بتایا کہ انہوں نے نہ گھڑی خریدی، نہ ہی بیچی، میں نے ان سے کہا اپنا ریکارڈ درست کر لیں، وضاحت دیں، اس کے بعد انہوں نے وہ پوسٹ بھی ہٹائی، ڈسکلیمر بھی جاری کی، اسٹائل آؤٹ نے ویڈیو میسج بھی دیا کہ ان کا اس ٹرانزیکشن سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹائل آؤٹ واچز کو تصویریں ذلفی بخاری نے دی تھیں، وہ لوگ گھڑی تو یہ میرے پاس لے کر آئے تھےجو میں نے خرید لی، میں نےاس وقت چیک نہیں کیا کہ کوئی گھڑی کی مارکیٹنگ کر رہا ہے، ابھی چیک کیا تو پتا چلا مختلف ویب سائیٹس پر ایجنٹس کو کہا گیا کہ مارکیٹ کریں، اسٹائل آؤٹ نے ہی کنفرم کیا کہ ذلفی بخاری نے ان سے رابطہ کیا تھا۔

عمر فاروق نے کہا کہ گھڑی کی ٹرانزیکشن کے بارے میں ذلفی سمیت سب کو پتا تھا، ابھی صورت حال ان کےخلاف جا رہی ہے تو کوئی شخص تصدیق کیلئے تیار نہیں، ذلفی بخاری کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں، یہ ہمیں سرمایہ کاری وغیرہ کیلئے دعوت دے رہے تھے، ہم سے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ عجیب بات ہے کہ فواد نے میرے بارے میں گندی زبان استعمال کی، فواد چوہدری میرا اچھا دوست ہوتا تھا، بد قسمتی سے اب تو نہیں ہے، ذلفی بھی میرا اچھا دوست تھا، حیران ہوں ان کی پریس کانفرنس پر، میں ذلفی بخاری اور ان کے والد کو اچھی طرح جانتا ہوں۔

عمر فاروق نے کہا کہ صدر عارف علوی دبئی آئے تو میں ان سے بھی ملا تھا، صدر علوی نےحوصلہ افزائی کی کہ آپ پاکستان میں بھی کوئی ایونٹ کریں۔