سمری آئے نہ آئے، ایک دو دن میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوجائے گا، رانا ثناء

November 21, 2022

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری آئے یا نہ آئے، ایک دو دن میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا عمل آج شروع ہوگیا جو ایک دو روز میں مکمل ہوجائے گا، وزیراعظم ہاؤس نے سمری طلب کی ہے وزارت دفاع نے بھجوانی ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ 18نومبر کو ایک وجہ تھی، ایک افسر کی ریٹائرمنٹ ہونا تھی، جو نام جی ایچ کیو سے آئیں گے انہیں ناموں سے تعیناتی ہوگی، میرا خیال ہے کہ 22 یا 23 نومبر تک سمری آجائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کا مارچ اب لانگ مارچ رہا نہیں اب وہ ایک اجتماع کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کی احمقانہ سوچ ہے کہ اس طرح سے اس معاملے کو پریشرائز کر سکے گا، عمران خان کا مقصد تعیناتی پر اثر انداز ہونا ہے۔

رانا ثناء نے کہا کہ عمران خان کا بنیادی ایجنڈا ہے وہ ملک میں افراتفری چاہتا ہے، سمری بھی آئے گی اور اس میں سے ایک نام بھی فائنل ہوگا، یہ ایک آدمی ادارے کو بلیک میل کر رہا ہے، یہ کہہ رہا ہے کہ ادارے کو سیاست میں گھسیٹوں گا آئینی حدود سے نکالوں گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اثاثوں سے متعلق تفصیل آج ہی کیوں لیک ہوئی؟ آج تفصیل لیک ہونے کے پیچھے بھی تو کوئی ڈیزائن ہوگا۔

راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی اجازت سے عدالت کے ذریعے باہر گئے تھے، جب علاج مکمل ہو جائے گا تو نواز شریف واپس آجائیں گے۔