وزیراعظم شہباز شریف کی ارجنٹائن سے جیت پر سعودی عرب کو مبارکباد

November 23, 2022

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ میں سعودی عرب اور ارجنٹائن کے میچ کی تعریف کرتے ہوئے جیت پر سعودی عرب کو مبارک باد دی ہے۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وزیراعظم نے پیغام میں لکھا کہ سعودی عرب نے ارجنٹائن کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں سب سے بڑا اپ سیٹ کر کے تاریخ رقم کی۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ہم اس شاندار جیت پر اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کی خوشی میں شریک ہیں۔

شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد بھی دی ۔

اس کے علاوہ سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی ارجنٹائن کے خلاف شاندار طریقے سے میچ جیتنے پر سعودی عرب کی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فیفا ورلڈکپ 2022 میں سعودی عرب نے ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے ہرا دیا تھا۔