وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی پاکستان کی حمایت اور یکجہتی کا خیر مقدم کیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ دیرینہ، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات پر پاکستان کو فخر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر نئے چیلنج کے ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، صدر اردوان کی جنوبی ایشیاء میں امن کے فروغ کے لیے کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک صدر کا تعمیری کردار اور مشترکہ کاوشیں امن کی راہ ہموار کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر روشن اور خوش حال مستقبل کی تعمیر کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی اقوام کے درمیان مضبوط تعلقات خطے کے امن و ترقی کے ضامن ہیں۔