’چھیاں چھیاں‘ پر ڈانس کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان پریشان کیوں ہوئے؟

November 25, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف ڈانسر و اداکارہ ملائکہ اروڑہ نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان ان کے ساتھ شوٹنگ کے دوران کافی پریشان ہوگئے تھے۔

بالی ووڈ فلموں کے تمام شائقین ہی یہ بات جانتے ہیں کہ فلم ’دل سے‘ میں شاہ رخ خان اور ملائکہ اروڑہ نے بالی ووڈ کے مشہور گانے’چھیاں چھیاں‘ پر ایک ساتھ چلتی ہوئی ٹرین پر ڈانس کیا تھا جوکہ بہت خطرناک تھا۔

ملائکہ اروڑہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان کے ساتھ اس فلم میں کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ’شاہ رخ خان نے گانے کی شوٹنگ کے دوران اصرار کیا کہ مجھے بندھا ہوا ہونا چاہیئے کیونکہ وہ پریشان تھے کہ میں چلتی ہوئی ٹرین سے اُڑ جاؤں گی‘۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’پہلے تو ہم سب نے شاہ رخ خان کی رائے سے اتفاق نہیں کیا کیونکہ اس طرح ڈانس کرنا مشکل ہے، لیکن بعد میں سب نے ان کا مشورہ مان لیا‘۔

واضح رہے کہ اس گانے کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان کے علاوہ تمام ڈانسرز کو تحفظ کے لیے ٹرین سے باندھ دیا گیا تھا۔

شاہ رخ خان کو ٹرین سے کُھلا چھوڑنے کی وجہ اداکار کے لیے منتخب کیے گئے ڈانس اسٹیپس تھے جن پر بندھے ہوئے پرفارم کرنا مشکل تھا۔